شنل فورم کے تحت ماحولیاتی بہتری پر راونڈ ٹیبل سے ڈی جی سیپا۔ عافیہ سلام نعیم قریشی اور دیگر کا خطاب
کراچی:
سندھ میں ماحولیاتی تحفظ کے لیے ایک اہم پیش رفت کرتے ہوئے سندھ انوائرنمنٹل پروٹیکشن ایجنسی (SEPA) نے کراچی کے ساحلی علاقوں میں سمندری آلودگی کے خلاف جامع حکمتِ عملی متعارف کروانے کا اعلان کیا ہے۔ اس مہم کا مقصد صنعتی و گھریلو فضلے کے بے قابو اخراج سے متاثرہ سمندری حیات اور ساحلی ماحول کو بچانا ہے۔
یہ اعلان SEPA کے نئے تعینات شدہ ڈائریکٹر جنرل، وقار حسین پھلپوٹو نے نیشنل فورم فار انوائرنمنٹ اینڈ ہیلتھ (NFEH) کے زیر اہتمام ایک مقامی ہوٹل میں منعقدہ “ماحولیاتی گورننس” پر راؤنڈ ٹیبل مباحثے کے دوران کیا۔
وقار پھلپوٹو نے کہا کہ ساحلی اور سمندری آلودگی ایک سنگین خطرہ بنتی جا رہی ہے، جو کہ صنعتی علاقوں، رہائشی بستیوں، اور بندرگاہوں سے خارج ہونے والے فضلے کی وجہ سے پیدا ہو رہی ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ SEPA ایک خصوصی “میرین پولوشن کنٹرول سیل” کے قیام اور ماہر عملے کی تعیناتی پر غور کر رہا ہے تاکہ ساحلی ماحولیاتی خرابی کا بروقت تدارک کیا جا سکے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سمندری آلودگی کا مسئلہ کئی اسٹیک ہولڈرز سے منسلک ہے اور مختلف شہری، زمین کے مالک ادارے اور میونسپل اداروں کی باہمی حدود SEPA کی کارروائیوں میں رکاوٹ بنتی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ایجنسی نے آلودگی اور ماحول دشمن اقدامات میں ملوث اداروں کے خلاف کارروائیاں شروع کر دی ہیں اور شہری علاقوں میں فضائی معیار کی جانچ کے لیے اپنی تکنیکی صلاحیتوں میں اضافہ کر رہی ہے۔
ماحولیاتی ماہرین اور سول سوسائٹی کے رہنماؤں نے اس موقع پر سندھ میں ماحولیاتی حکمرانی کو بہتر بنانے کی فوری ضرورت پر زور دیا۔
ماہر ماحولیات رفیع الحق نے مقامی موسمی، زمینی اور مٹی کی خصوصیات کے مطابق شجرکاری مہمات کی منصوبہ بندی پر زور دیا۔ معروف صحافی آفیہ سلام نے سندھ میں موجود ماحولیاتی قوانین کے مؤثر نفاذ کو ماحولیاتی تبدیلی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ناگزیر قرار دیا۔
NFEH کے صدر محمد نعیم قریشی نے صنعتی علاقوں میں سخت ضابطوں اور فضلہ کے اخراج پر قابو پانے کے لیے SEPA سے مؤثر اقدامات کی اپیل کی۔ انہوں نے صوبے بھر میں غیر موزوں گاڑیوں سے خارج ہونے والے دھوئیں کے خلاف مہم چلانے پر بھی زور دیا۔
NFEH کی جنرل سیکریٹری، رقیہ نعیم نے SEPA سے شجرکاری کی مہمات کو مناسب موسمی وقت اور موزوں پودوں کی اقسام کے مطابق منظم کرنے کی درخواست کی۔
راؤنڈ ٹیبل کا اختتام ایک اجتماعی مطالبے پر ہوا جس میں ادارہ جاتی تعاون، قانون کے سخت نفاذ، اور عوامی آگاہی میں اضافے کی ضرورت پر زور دیا گیا تاکہ سندھ کو ایک صاف، سرسبز، اور پائیدار مستقبل کی جانب گامزن کیا جا سکے۔
تقریب سے دیگر مقررین میں سندھ لوکل گورنمنٹ کمیشن کے رکن عبد الرحیم سومرو، ماہر ماحولیات ندیم عارف، چیف CPK مراد علی سونی، CEO IHRI عبدالرزاق پردیسی، داؤدی بوہرہ کمیونٹی کے علی اصغر قتیوالا، سینئر صحافی شجاع قریشی، اور انجینئر ندیم اشرف شامل تھے۔